بھارت، لڑکی نے 10دن ماں کی لاش کے ساتھ گزار دیئے

May 21, 2022

کولاج، فائل فوٹوز

بھارتی ریاست اترپردیش میں 26 سالہ لڑکی خاندان کو بتائے بغیر 10 دن ماں کی لاش کے ساتھ رہتی رہی۔

بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ریاست اترپردیش کے دارالحکومت میں 26 سالہانکیتا ڈکشٹ گھر والوں کو ماں کے انتقال کی خبر دیئے بغیر 10 سے زائد دن تک اس کی لاش کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتی رہی۔

لکھنؤ پولیس کے مطابق انکیتا ڈکشٹ گھر کے ایک کمرے میں رہ رہی تھی جبکہ اُس کی والدہ کی لاش دوسرے کمرے میں پڑی ہوئی تھی۔

لکھنؤ پولیس کے مطابق پڑوسیوں کی جانب سے اطلاع ملنے پر اس گھر میں کارروائی کے دوران لاش برآمد کر لی گئی، پڑوسیوں نے غیر معمولی بدبو کے شبے میں پولیس کو اطلاع دی تھی۔

پولیس کے مطابق برآمد کی گئی لاش سنیتا ڈکشٹ کی ہے جو کہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ سے منسلک رہ چکی ہیں۔

لکھنؤ پولیس کا میڈیا کو بتانا ہے کہ اطلاع ملنے پر پولسی کی کارروائی کی گئی اور اس دوران گھر کا مرکزی دروازہ لاک تھا، اندر سے لڑکی کی آواز آنے پر دروازہ کھولنے کا کہا گیا مگر اس پر گھر میں موجود لڑکی نے دروازہ کھولنے کے بجائے احتجاج شروع کر دیا۔

دروازہ کھولنے کے لیے مزدور کی مدد لی گئی، دروازہ کھلنے پر معلوم ہوا کہ گھر میں موجود لڑکی کی ذہنی حالت خراب ہے اور وہ زیادہ بولنے سے بھی قاصر تھی۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ 26 سالہ لڑکی سنیتا ڈکشٹ کی بیٹی ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، رپورٹ آنے پر تفتیش آگے بڑھائی جائےگی۔