کیا ابرار الحق کا بھارتی فلم میں گانا کاپی ہونے کا دعویٰ غلط ہے؟

May 23, 2022

فوٹو، فائل

پاکستان کے معروف گلوکار ابرارالحق کے بھارتی فلم میں اپنا ایک اور گانا کاپی کیے جانے کے دعوے پر متعلقہ ادارے کا ردِعمل سامنے آگیا ہے۔

متعدد انٹرٹینمنٹ لیبلز کو کنٹرول کرنے والی ایجنسی’مووی باکس‘ نے ٹوئٹر پر ابرارالحق کی جانب سے بھارتی فلم’جگ جگ جیو‘میں اپنامشہور گانا ’نچ پنجابن‘ کو کاپی کیے جانے کے دعوے پر اپنا بیان جاری کیا ہے۔

’مووی باکس‘ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ’اس گانے (نچ پنجابن) کو (ٹی سیریز) کی طرف سے فلم (جگ جگ جیو) میں شامل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر لائسنس دیا گیا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’ کرن جوہر اور دھرما موویز کو اس گانے کو اپنی فلم میں استعمال کرنے کا قانونی حق حاصل ہے اور ابرارالحق کی جانب سے اس حوالے سے کیا گیا ٹوئٹ توہین آمیز اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔‘

ابرارالحق نے ٹوئٹر پر مووی باکس کے ردِ عمل کااپنے ٹوئٹ میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’کسی کو بھی گانے کا استعمال کرنے کا لائسنس نہیں دیا گیا ہے۔ اگر کوئی دعویٰ کر رہا ہے تو معاہدہ پیش کریں۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میں قانونی کارروائی کروں گا۔‘

واضح رہے کہ گلوکار ابرارالحق نے گزشتہ روز بھارتی فلم میں اپنا ایک اور گانا کاپی کیے جانے پر بالی ووڈ کے پروڈیوسر کرن جوہر پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ابرار الحق نے مشہور گانے نچ پنجابن کو فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کسی بھی بھارتی فلم کو اپنے گانے کے حقوق فروخت نہیں دیے۔