سدھو کی جیل کی مدت کم ہو سکتی ہے؟

May 23, 2022

فائل فوٹو

1988 کے روڈ ریج ڈیتھ کیس میں گرفتار کانگریس رہنما اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھواگر جیل میں اچھا برتاؤ کرتے ہیں اور جیل حکام اور پنجاب حکومت انہیں غیر معمولی معافی دیتی ہے تو سدھو کی جیل کی مدت 8 ماہ سے کم ہو سکتی ہے۔

سدھو کو روڈ ریج ڈیتھ کیس میں سپریم کورٹ کی طرف سے ایک سال کی سخت قید کی سزا سنائے جانے کے بعد پٹیالہ سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔


جیل کے ایک اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’ایک مجرم کو ہر ماہ چار دن کی معافی ملتی ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مجرم کی سزا میں مزید 30 دن کی کمی کرے، یہ سزا تقریباً تمام مجرموں کو ملتی ہے، سوائے ان لوگوں کے جو نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی میں ملوث ہوں۔

سدھو کو کم سزا کیسے مل سکتی ہے؟

پولیس کے ڈائریکٹر جنرل یا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو مجرم کو 60 دن کی معافی دینے کا اختیار ہے حالانکہ یہ صرف غیر معمولی حالات میں اور سیاسی اجازت سے کیا جاتا ہے۔

اب کچھ رپورٹس میں یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے ساتھ سدھو کے اچھے تعلقات کی وجہ سے سدھو کے اس معافی سے فائدہ اٹھانے کا قوی امکان ہے۔

جیل میں سدھو کی زندگی کیسی ہوگی؟

پنجاب جیل مینول کے مطابق، جیل میں رہتے ہوئے، سدھو تین ماہ تک بغیر تنخواہ کے تربیت حاصل کریں گے۔ اس کے بعد، اُنہیں غیر ہنر مند یا ہنر مند کے طور پر درجہ بندی دی جائے گی، قیدی روزانہ کی بنیاد پر 30 سے 90 روپے کماتے ہیں۔

قیدی روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرتے ہیں اور ان کے اخراجات حکومت برداشت کرتی ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق قیدیوں کی 25 فیصد کمائی جیل کرنسی کے طور پر ہوتی ہے جبکہ باقی بچت اکاؤنٹ میں ڈال دی جاتی ہے۔

روڈ ریج کیس کیا ہے؟

روڈ ریج مقدمے میں یہ الزام شامل ہے کہ 27 دسمبر 1988 کو سدھو نے کار پارکنگ میں بحث کے دوران گرنام سنگھ نامی شخص کے سر پر مکّامارا تھا جس سے اس کی موت ہوئی تھی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے سدھو پر 1000روپے جرمانہ عائد کرکے انہیں رہا کردیا تھا، تاہم اس حوالے سے ہلاک ہونے والے شخص کے خاندان نے نظرثانی درخواست دائر کی تھی، جس میں ان کو سزا سنائی گئی۔

سدھو نے بھارتی سپریم کورٹ کے پہلے کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خلاف روڈ ریج کیس کا دائرہ بڑھانے کی درخواست کی مخالفت کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ گرنام سنگھ کی موت ضرب لگنے سے ہوئی تھی۔