عمران خان کے لانگ مارچ پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو قانون اپنا راستہ لے گا، احسن اقبال

May 23, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، انہیں ملک میں انارکی پھیلانے اور انتشار کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا گیا، عمران نیازی اور ان کی نالائق کابینہ کو حساب دینا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کی سیاست پاکستان دشمن لابی کی سیاست ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت آئی ایم ایف کیساتھ غریب دشمن معاہدہ کر گئی ہے، ہم آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات میں اس بوجھ کو کم سے کم کرنا چاہتے ہیں، جب آئی ایم ایف سے حتمی معاہدہ ہوگا، عوام کو ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کی لیڈر شپ نے الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کرنا ہے، ملک میں الیکشن کرانے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں تہذیبوں کے ٹکراؤ کے بجائے تہذیبوں میں ہم آہنگی کیلئے کام کرنا ہوگا، ہمارے نوجوانوں کو غلط رجحانات اور تصورات دیئے جا رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہمیں خواتین کو احساس تحفظ فراہم کرنا چاہیے، معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ان کے حقوق کا تحفط کرنا ہو گا۔