جعلی حکومت کیخلاف حقیقی آزادی کیلئے مارچ کر رہے ہیں، شفقت محمود

May 23, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ میں پوری قوم نے دیکھ لیا کہ انہوں نے کچھ نہیں کیا، ہم جعلی حکومت کیخلاف حقیقی آزادی کیلئے مارچ کر رہے ہیں۔

ایک بیان میں شفقت محمود نے کہا کہ رانا ثنا اللّٰہ اور ان کے حواری گرفتاریوں کا پروگرام بنا رہے ہیں، آزادی مارچ کے لیے پنجاب بھر میں تیاریاں جاری ہیں۔

انہوں مزید کہا کہ جب کوئی لیڈر پیدا ہوتا ہے تو میر جعفر بھی پیدا ہوتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف حکمرانی میں ناکام رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی گئی تو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا، تشدد، زیادتی یا قانون کے ناجائز استعمال کا پورا حساب رکھیں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔

عمران خان نے واضح پیغام دیا کہ نیوٹرل رہنے کا کہنے والے اب نیوٹرل رہیں، بیورو کریسی کو بھی دھمکی دی کہ کوئی غیر قانونی کام کیا تو ایکشن لیں گے۔