کورین مہارت سے پاکستان توانائی بحران پر قابو پاسکتا ہے، سو سانگ پیو

May 25, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کوریا کے سفیر سو سانگ پیو نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورین سرمایہ کار پاکستان میں انرجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی تاجربرادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ملکوں میں تجارت کی نئی راہیں تلاش کریں اس حوالے سے کورین سفارتخانہ بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے انعقاد میں بھرپور معاونت کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کیـ’’پاکستان کوریا بزنس کونسل‘‘ کے کراچی کی مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں اراکین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کوریا کے قونصل جنرل کم ہیک سنگ، چیئرمین پاکستان کوریا بزنس کونسل سہیل اور دیگربھی شریک تھے۔کورین سفیر نے پاکستان کے انرجی اور آئی ٹی کے شعبوں کو جوائنٹ وینچرز اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش قرار دیتے ہوئے کہاکہ کہ کورین سرمایہ کار پاکستان میں انرجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ کوریا کی مہارت سے مستفید ہو کر پاکستان توانائی کے بحران پر باآسانی قابو پا سکتا ہے نیز آئی ٹی کی خدمات کی برآمدات سے اپنی معیشت کو بھی تیزی سے ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتا ہے۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی پاک کوریا بزنس کونسل کے چیئرمین سہیل نثار کی دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں کو بھی سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ایف پی سی سی آئی کےپاکستان کوریا بزنس کونسل کے12سالوں سے مسلسل چیئرمین سہیل نثار نے کہا کہ دنیا کی نویں بڑی معیشت کوریا پاکستان کا ایک قابل بھروسہ اور مضبوط پارٹنر ہے۔