میگھن مارکل کے والد عارضہ قلب میں مبتلا، اسپتال میں داخل

May 25, 2022

میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کو دل کے دورے کی علامات پر اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پہلے انہیں ٹیہوانا (میکسیکو) کے ہی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے اسپتال لے جایا گیا۔

تھامس مارکل کو بات کرنے میں دشواری کا سامنا تھا، پیرا میڈکس نے ان کی کیفیت جاننے کے لیے کاغذ پر لکھوا کر طبیعت کا احوال لیا۔

میگھن کی سوتیلی بہن سمنتھا مارکل نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ میرے والد اسپتال میں روبہ صحت ہو رہے ہیں۔

سمنتھا نے درخواست کی کہ والد کی صحت اور بہتری کے لیے فیملی کی پرائیوسی کا خیال رکھا جائے، انہیں آرام کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ سمنتھا اور میگھن کے درمیان بھی بہت تلخیاں ہیں، 2018 میں سمنتھا نے نیلسن منڈیلا کا ذکر کرنے پر میگھن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سمنتھا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تم اپنے والد کو خراجِ تحسین کیوں نہیں پیش کرتیں؟ بس بہت ہوگیا، انسانوں کی طرح برتاؤ کرو، ایک عورت کی طرح برتاؤ کرو، اگر ہمارے والد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار تم ہوگی میگھن!‘۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ تھامس مارکل کا نام خبروں کی زینت بن رہا ہے، سابق ٹی وی ڈائریکٹر نے 2018 میں اپنی بیٹی میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی شادی میں شرکت نہیں کی تھی اور اُس وقت بھی میڈیا میں اس کا خوب چرچا ہوا تھا۔