کشمیری رہنما کا بھارتی سفارت کار کو پاکستان بدر کرنے کا مطالبہ

May 26, 2022

معروف کشمیری رہنما نعیم چوہدری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ یاسین ملک کو دی گئی عمر قید کے خلاف بیان بازی کی بجائے بھارتی سفارت کار کو پاکستان بدر کیا جائے اور اس وقت تک بھارتی سفارت کاروں کو نہ آنے دیا جائے جب تک یاسین ملک کی سزا ختم نہیں ہوتی۔

نعیم چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اس غیر انسانی فیصلہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، بھارتی حکومت یاسین ملک کو قید کی سزا تو دے سکتی مگر ان کی جدوجہد آزادی کو نہیں روک سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اس سزا سے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی میں مزید تیزی آئے گی۔

اس موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فرانس کے صدر چوہدری صفدر برنالی نے یاسین ملک کو سنائی گئی سزا کو مکمل طور پر انسانی بنیادی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فوری سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر ن لیگ فرانس کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کہا کہ بھارتی عدالت کی غیر انسانی اور ناانصافی پر مبنی عمر قید کی سزا سے یاسین ملک کا قد مزید بلند ہوگیا ہے اور کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر مزید اُجاگر ہوگیا ہے۔

ن لیگ کے چیئرمین راجہ علی اصغر نے کہا کہ ناانصافی پر مبنی سزا کے بعد یاسین ملک حق و سچ کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں، علاوہ ازیں یاسین ملک کی سزا پر صدائے احتجاج بلند کی ہے۔