ناظرین تھک گئے، نامور ٹیلی ویژن سیریل سے نئے مواد کا مطالبہ کردیا

May 26, 2022

مشہور بھارتی ٹیلی ویژن سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے ناظرین ایک ہی طرح کا مواد دیکھتے دیکھتے تھک گئے، انہوں نے نیا مواد لانے کا مطالبہ بھی کردیا۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران سیریل کے جیٹھا لال کی صورت میں مرکزی کردار نبھانے والے دلیپ جوشی نے اعتراف کیا ہے کہ لوگ نیا مواد نہ ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس شو کے پروڈیوسرز اور فنکار اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 2008 میں شروع ہونے والے اس شو کے پاس لمبے عرصے تک ٹیلی ویژن پر چلنے والے ڈیلی سٹکام کا گینیز ریکارڈ ہے۔

تاہم انٹرویو کے دوران جب دلیپ جوشی سے نئے مواد سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں ایک اداکار ہوں اور خود کو دی گئی اسکرپٹ سے متعلق انصاف کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب روزانہ سخت محنت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں اور نہ ہی کوئی اور شخص سیریل کی کامیابی کا سہرا خود لیتا ہے۔ ہم روزانہ سیٹ پر جاتے ہیں اور اپنے پرستاروں کو محظوظ کرنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر تارک مہتا کا نام لے کر مداح مطالبہ کر رہے ہیں کہ اب اس شو میں کچھ نیا ہونا چاہیے۔

ایک صارف نے مطالبہ کیا اب آپ کو ریٹائر ہوجانا چاہیے، جبکہ ایک نے سوال کیا کہ آپ کے پاس نیا مواد ہے؟۔

شو کے پروڈیوسر کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک شخص نے لکھا کہ آپ کا خیال نہیں کہ اب آپ کو بریک لے کر سیزن ٹو لانا چاہیے، اس وقت یہ چیزوں کو کھینچ رہا ہے۔