اسلام آباد پولیس، تنخواہوں میں اضافے کیلئے وزارت داخلہ کا ایک اور خط

May 28, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)اسلام آباد پولیس کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے وزارت داخلہ نے وزارت خزانہ کو ایک اور خط لکھ دیا جس میں 738ملین روپے کی اضافی گرانٹ کی درخواست کی گئی ہے،27مئی کو لکھے گئے خط میں اسلام آباد پولیس کو پنجاب پولیس کے برابر تنخواہ کی ادائیگی کیلئے اجازت طلب کی گئی ہے، وزارت داخلہ نے پنجاب پولیس کی تنخواہوں کا پیٹرن بھی فنانس ڈویژن کو بھجوادیا ۔ اسلام آباد پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے اہم کردار کر رہی ہے، فسادی ہجوم اور دہشتگردانہ کارروائیوں کا مقابلہ کررہی ہے، پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے مقابلے میں اسلام آباد پولیس کی تنخواہ کم ہے، اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو ملک بھر سے کوٹہ کی بنیاد پر بھرتی کیا جاتا ہے اور اپنے علاقے سے باہر سے آنے والے اہلکاروں کو زیادہ مہنگائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔