نامور بھارتی گلوکار کے کے چل بسے

May 31, 2022

فوٹو: فائل

نامور بھارتی گلوکار کرشناکمار کناتھ المعروف کے کے کنسرٹ میں پرفامنس کے بعد دل کا دورہ پڑنے کے باعث 53 سال کی عمر میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ کے کے نے بالی ووڈ فلموں میں 2000 کے عشرے کے دوران ایک کے بعد ایک ہٹ گانا گایا، ان کے یہ گیت آج بھی پسند کیے جاتے ہیں۔


بتایا جارہا ہے کہ کے کے کو کلکتہ میں ایک کنسرٹ کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

مذکورہ نجی اسپتال نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ کے کے کو اسپتال لانے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔


مغربی بنگال کے وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے گلوکار انوپن روئے نے کال کرکے بتایا کہ انہیں اسپتال سے اچھی خبریں نہیں مل رہیں، تاہم جب میں نے اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ کے کے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، جس کے بعد میں اسپتال گیا۔

خیال رہے کہ کے کے کی پہلی البم ’پل‘ 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ میں گانوں پر توجہ دی۔

انہوں نے بلابسٹر فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا مشہورِ زمانہ گیت ’تڑپ تڑپ کے‘، فلم ’دس‘ کا گیت ’دس بہانے‘، فلم ’غنڈے‘ کا گانا ’تو نے ماری انٹریاں‘ اور فلم ’وہ لمحے‘ کا مشہور گیت ’کیا مجھے پیار ہے‘ بھی گایا ہے، جبکہ فلموں میں ان کے گانوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔

دہلی میں پیدا ہونے والے کے کے لائیو شوز کے دوران اپنی پرفارمنس کی وجہ سے بھی مشہور تھے۔