زرعی یونیورسٹی سوات کیلئے سالانہ بجٹ کی اصولی منظوری

June 23, 2022

پشاور (جنگ نیوز)صوبائی وزیربرائے زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان کی زیرصدارت زرعی یونیورسٹی سوات کی سینٹ کاپہلا اجلاس بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مذکورہ یونیورسٹی کے آئندہ مالی سال2022-23کا سالانہ بجٹ منظوری کیلئے پیش کیا گیاجس کی سینٹ نے اصولی منظوری دی۔ سینٹ اجلاس کو وائس چانسلر کی جانب سے مذکورہ یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں،مختلف سٹڈی پروگراموں کے اجراء ، یونیورسٹی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈ کے قیام سمیت سالانہ بجٹ کی تفصیل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کو مستقل بنیادوں پر نئی بھرتیاں سی پی فنڈ کے تحت کرنیکی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیرزراعت محب اللہ خان اور سینٹ اراکین نے زرعی یونیورسٹی سوات کا پہلا سینٹ اجلاس منعقد ہونے پر وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہارکیاکہ مذکورہ یونیورسٹی جغرافیائی حیثیت ، بہترین موسمیاتی اعتبار اور زرعی شعبہ میں بہترین تحقیقاتی پروگرام متعارف کرانے سمیت بہت جلد اعلی تعلیمی اداروں میں اپنا مقام پیدا کرے گی۔ اجلاس میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرداؤدجان، سیکرٹری محکمہ زراعت محمد اسرار، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام، محکمہ اعلٰی تعلیم،محکمہ خزانہ،محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں سمیت سینٹ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔