سرکاری افسران عوام کی خدمت کیلئے ہوتے ہیں، افسری کیلئے نہیں‘ وفاقی محتسب

June 24, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ کسی وفاقی ادارے کا نمائندہ اگر آئندہ سماعت یا میٹنگ میں نہ آیا تو اس ادارے کے سربراہ کو ذاتی طور پر سمن کیا جائے گا اور ضرورت پڑی تو شوکاز نوٹس بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کی خدمت کے لئے ہوتے ہیں، افسری کیلئے نہیں۔ وفاقی محتسب بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وفاقی محتسب نے کہا کہ بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ہر سال تقریباً تیس ارب ڈالر کا زرمبا دلہ پاکستان بھیجتے ہیں، اس لئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق تمام اداروں کو گریڈ بیس کے ایک افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنے اور تمام مشنز کو وفاقی محتسب کے کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک کرنے کی بھی ہدایت کی۔