دورہ سری لنکا کیلئے ٹریننگ کیمپ، کھلاڑی اسلام آباد پہنچ گئے

June 25, 2022

دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کیمپ کل (اتوار) سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، 18 رُکنی اسکواڈ میں شامل کرکٹرز اسلام آباد پہنچ گئے۔

ٹریننگ کیمپ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے ہفتے کی شب اسلام آباد میں رپورٹ کردی۔

کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف محمد رضوان، اظہر علی اور شان مسعود تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ یہ تینوں کرکٹرز سری لنکا روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کو لاہور میں جوائن کریں گے۔

ٹریننگ کیمپ میں پریکٹس کا آغاز اتوار سے ہوگا، پنڈی اسٹیڈیم میں صبح 9 سے ایک بجے تک پریکٹس سیشن رکھا گیا ہے، 27 اور 28 جون کو ٹیسٹ میچز کی پریکٹس کے لیے دو روزہ سیناریو بیسڈ میچ شیڈول کیا گیا ہے جبکہ 29 جون کو ریسٹ ڈے ہے، 30 جون اور یکم جولائی کو دوبارہ سیناریو بیسڈ میچز کھیلے جائیں گے۔ کیمپ 2 جولائی تک شیڈولڈ ہے۔

قومی ٹیم 6 جولائی کی صبح کولمبو روانہ ہوگی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 16 جولائی سے کھیلی جائے گی۔