جہاں انتخابات متاثر ہوئے، وہاں نئی تاریخ کااعلان ہو گا: الیکشن کمشنر سندھ

June 26, 2022

—فائل فوٹو

الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ آج جہاں الیکشن متاثر ہوا وہاں دوبارہ انتخابات کی نئی تاریخ کااعلان کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ سندھ میں 14 اضلاع کے 9 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نواب شاہ اور میر پور خاص سے شکایات موصول ہوئی ہیں، واقعات میں ملوث کرداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ جہاں الیکشن تاخیر سے شروع ہوا وہاں وقت بڑھایا جائے گا، انتخابات کے دوران پیش آنے والے پرُ تشدد واقعات کی انکوائری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی کی ہدایات پر نہیں چلتا، نہ ہی کسی جماعت یا پارٹی کا آلہ کار ہے۔

الیکشن کمشنر سندھ نے بتایا کہ صوبے میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں 1 لاکھ کے قریب پولنگ کا عملہ کام کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آج صبح سے پولنگ پُرامن طور پر جاری ہے، کراچی اور اسلام آباد میں اس حوالے سے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔

اعجاز انور چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کے لیے سندھ میں سخت مانیٹرنگ جاری ہے، تمام سیاسی جماعتیں الیکشن پرُامن رکھنے میں ہماری مدد کریں۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات جاری

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں میدان سج گیا ہے، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں سندھ کے مختلف ڈویژنز سے 1 ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم کا وقت جمعے کی رات 12 بجے ختم ہو گیا تھا جبکہ گزشتہ روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے سامان کی ترسیل کر دی گئی تھی۔