سستے تیل کا حصول، سری لنکن وزرا متحرک، روس اور قطر کا دورہ بھی کریں گے

June 26, 2022

فوٹو: فائل

سستے تیل کے حصول کے لیے سری لنکا نے اپنی نظریں روس اور قطر پر جمالیں، جنوبی ایشیا کے اس ملک کے وزرا ماسکو اور دوحہ جائیں گے۔

کولمبو سے خبر ایجنسی نے بتایا کہ سری لنکن وزیر توانائی رعایتی شرائط پر تیل کے حصول کی بات چیت کے لیے کل قطر جائیں گے۔

خبر ایجنسی نے مزید بتایا کہ 2 سری لنکن وزرا روسی تیل کی خریداری پر بات چیت کے لیے کل روس جائیں گے۔

خیال رہے کہ سری لنکا نے گزشتہ ماہ دبئی کی کمپنی کے ذریعے 90 ہزار ٹن روسی تیل خریدا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکن وزرا اب براہِ راست روسی حکومت سے تیل کی خریداری کے لیے بات چیت کریں گے۔

سری لنکن وزیر توانائی نے گزشتہ روز صرف 2 روز کے ایندھن ذخائر باقی رہنے جانے کے متعلق بتایا تھا۔

سری لنکن وزیر کے مطابق جمعرات کو آنے والی ایندھن کی نئی شپمنٹ وقت پر نہیں پہنچی جس کے باعث ایندھن کی کمی سے غیر ضروری سرکاری اداروں کی بندش تاحکم ثانی بڑھادی گئی ہے۔

ایندھن ذخائر میں کمی پر پیٹرول کی قیمت میں 22 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 فیصد اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔

رواں برس سری لنکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں تین گنا جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں چار گنا اضافہ ہوچکا ہے۔