وزیراعظم کا اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اظہارِ تشویش

June 26, 2022

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت لاہور میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللّٰہ اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، جبکہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیا جائے گا، گزشتہ چار سال میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا، ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے امن و امان کا یقینی ہونا بنیادی تقاضہ ہے۔