شاہ رخ کی فلم پٹھان کا پوسٹر اداکار ادریس البا کی بیسٹ سے مماثل قرار

June 26, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ کی آئندہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کا پوسٹر برطانوی اداکار ادریس البا کی فلم ’بیسٹ‘ سے مماثل قرار دیا جارہا ہے، تاہم شاہ رخ خان کے پرستاروں کا کہنا ہے کہ کنگ خان ادریس البا سے زیادہ بہتر انداز میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی 4 برس بعد بالی ووڈ کی کسی فلم میں واپسی ہوئی ہے اور ان کی فلم پٹھان کا پوسٹر ہفتے کو کافی انتظار کے بعد جاری کردیا گیا۔

اس پوسٹر میں وہ ایک شارٹ گن لیے نظر آرہے ہیں اور ان کی پشت کی جانب کیمرہ ہے جبکہ ان کا چہرہ جزوی طور پر نظر آرہا ہے۔

ان کے پرستار ان کی نئی فلم کا پوسٹر دیکھ بہت خوش ہیں جبکہ بعض پرستاروں نے اس پوسٹر کو انگلش اور ہالی ووڈ فلموں کے اداکار ادریس البا کی فلم بیسٹ کے پوسٹر سے مشابہہ قرار دیا ہے۔

شاہ رخ اور دیپکا پدوکون کی یہ فلم آئندہ برس جنوری میں ریلیز ہوگی، جبکہ ادریس البا کی فلم اسی برس اگست کی 19 تاریخ کو تھیٹرز پر جاری ہوگی۔