شہزاد رائے مایوس اور دکھی کیوں؟

June 28, 2022

پاکستانی معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے کراچی کو دنیا کے ناقابلِ رہائش شہروں کی فہرست میں شمار کیے جانے پر دکھ اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شئیر کی جس میں وہ کراچی کے ایک نالے کے سامنے کھڑے ہیں۔

اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’میں ہر روز اپنے شہر کراچی کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتا ہوں مگر دی اکنامک انٹیلی جنس کے مطابق کراچی کو دنیا کے ناقابلِ رہائش شہروں میں شمار کیا گیا ہے، میں کراچی کے بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن قدرت اور ماحول ہمیں معاف نہیں کریں گے‘۔

واضح رہے کہ برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کی جانب سے 10 بدترین شہروں کی سالانہ فہرست جاری کی گئی تھی۔

اس فہرست کو مرتب کرنے کے لیے ان شہروں میں جرائم کی شرح، طبی سہولتوں، انفرا اسٹرکچر، سیاسی استحکام اور سبزہ زاروں کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد 173 شہروں کی درجہ بندی کی گئی۔

اس فہرست میں پاکستان سے کراچی کو انڈیکس میں 168 ویں نمبر رکھا گیا ہے، کراچی کو بنیادی طور پر عدم استحکام اور صحت کی ناقص سہولتوں کے باعث ناقابلِ رہائش شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر رکھا گیا ہے۔