جیو کے ڈراموں سے شہرت پانے والی ’رِمہا احمد‘ کونسی اداکارہ کی ہمشکل ہیں؟

June 29, 2022

شوبز انڈسٹری کی ہردلعزیز اور باصلاحیت اداکارہ منال خان سے مشابہت رکھنے والی نوجوان اداکارہ ’رمہا احمد‘ کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔

گزشتہ دنوں، ہالی ووڈ اسٹار کائلی جینر کی انسٹا اسٹوری شیئر کرنے کے بعد منال خان کاسوشل میڈیا پر خوب چرچا ہوا۔

جڑواں بہنیں منال خان اور ایمن خان ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں، وہ عشق تماشہ، جلن اور حسد میں نظر آئیں، منال خان نے ڈرامہ ’حسد‘ میں منفی کردار ادا کرنے کے بعد مقبولیت حاصل کی۔

اب سوشل میڈیا پر منال خان کی ہمشکل نوجوان اداکارہ رمہا احمد خوب دھوم مچا رہی ہیں۔

رمہا احمد کون ہیں؟

رمہا احمد پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ ہیں جو جیو انٹرٹینمنٹ کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’خانی‘ میں فیروز خان اور ثنا جاوید کے ہمراہ نظر آئیں،خانی میں انہوں نے ثنا جاوید کی بہن کا کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے بلاک بسٹر ڈرامہ ’خانی‘ میں نظر آنے کے بعد مقبولیت حاصل کی جبکہ ان دنوں وہ جیو انٹرٹینمنٹ کے نئے ڈرامہ سیریل ’زخم‘ میں سحر خان کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔

ان دنوں سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے رمہا احمد کو منال خان کی ہمشکل کہا جارہا ہے، رمہا احمد کی تصاویر دیکھ کر صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی منال خان سے بڑی مماثلت ہے۔

واضح رہے کہ رمہا احمد کے دیگر ڈراموں میں ’چھوٹی سی زندگی‘، ’میں ماں نہیں بننا چاہتی‘، ’راک اسٹار‘ اور ’اُڑان‘ شامل ہیں۔