علیزے شاہ کا ایک اور اسکینڈل سامنے آ گیا

July 01, 2022

تصویر بشکریہalizehshahofficial

پاکستانی خوبرو اداکارہ علیزے شاہ کے برے رویئے کے خلاف ایک پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے ’متحدہ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن‘ میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔

معصوم سے چہرے کی مالک اداکارہ علیزے شاہ کوپاکستان شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئےکئی سال گزر چکے ہیں۔

اُنہیں اس انڈسٹری میں نیا بھی نہیں کہا جا سکتا، علیزے شاہ کئی پروجیکٹس میں کام کر کے اداکاری اورپیشہ ورانہ قواعد و ضوابط کو اچھی طرح سے جانتی ہیں پھر بھی اُن کے غیر پیشہ ورانہ رویے سے متعلق ایک اور اسکینڈل سامنے آیا ہے۔

متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ایوری ڈے پروڈکشن ہاؤس‘ کی جانب سے ’متحدہ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن‘ میں اداکارہ علیزے شاہ کے خلاف شکایت درج کروائی گئی ہے۔

پروڈکشن ہاؤس کے مطابق اُن کے پروجیکٹ پر کام کے دوران علیزے شاہ نے غیر مناسب رویہ اختیار کیا اور بغیر بتائے شوٹنگ چھوڑ دی جس سے اُن کے کام میں خلل آیا ہے اور مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد فنکار علیزے شاہ کے غیر مناسب رویے کے خلاف شکایت کر چکے ہیں جن میں اداکار، پروڈیوسر و ہدایتکار یاسر نواز، اداکارہ زرنش خان اور نوید رضا شامل ہیں۔