بالی ووڈ اداکار شاہد کپور ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار کسی فلم میں جاندار اداکاری کے باعث نہیں بلکہ اپنی نئی رومانوی کامیڈی فلم کاک ٹیل 2 کی شوٹنگ کے دوران کیے گئے مبینہ مطالبات کے باعث۔
پروڈکشن ٹیم کے ایک رکن نے شوٹنگ کے دوران شاہد کپور کے مطالبوں سے متعلق مختلف انکشاف کئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں شاہد کپور کے ساتھ کریتی سینن اور رشمیکا مندانا بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ اٹلی اور بھارت کے مختلف مقامات پر کی گئی۔
فلم کی شوٹنگ حقیقی مقامات پر ہونے کے باعث کاسٹ اور عملے کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جن میں دہلی کا خراب ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بھی شامل تھا۔
فلم کے لائن پروڈیوسر سُمت تیاگی نے ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا کہ شاہد کپور دہلی کی خراب فضائی آلودگی کے باعث ایئر پیوریفائر کے بغیر کھلی جگہ پر شوٹنگ کے لیے تیار نہیں تھے۔
انہوں نے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد کپور کو ’من موجی‘ قرار دیا اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کیا۔
سُمت تیاگی کے مطابق پروڈکشن ٹیم کو اطلاع دی گئی تھی کہ شاہد کپور خراب فضائی معیار کے باعث باہر شوٹنگ نہیں کریں گے۔ پروڈکشن ٹیم نے جلدی میں 5 سے 6 ایئر پیوریفائر کا انتظام کیا، حالانکہ یہ آلات عموماً بند کمروں کے لیے مؤثر ہوتے ہیں، جبکہ شوٹنگ سائبر سٹی، گروگرام کے کھلے مقام پر ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ آخری وقت میں خریدی جانے والی اُن چیزوں میں سے ایک تھی جو بظاہر زیادہ کارآمد نہیں تھی لیکن چونکہ یہ شاہد کپور کی درخواست تھی، اس لیے ہم اسے غیر ضروری نہیں کہہ سکتے۔