امید ہے پنجاب اسمبلی کا اجلاس روک دیا جائے گا، فواد چوہدری

July 01, 2022

فائل فوٹو

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہامید ہے پنجاب اسمبلی کا اجلاس روک دیا جائے گا۔

فواد چوہدری کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق بیان جاری کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ’لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی ہے، امید ہے سپریم کورٹ اس بحران کو مدِنظر رکھتے ہوئے آج ہی سماعت کرے گی‘۔

فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ ’امید ہے پنجاب اسمبلی کا اجلاس روک دیا جائے گا‘۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ روز کے لاہور ہائیکورٹ کے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق فیصلے کو آج سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ میں درخواست پاکستان تحریکِ انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اور امتیاز صدیقی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے، درخواست کے فیصلے تک وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا انتخاب روکا جائے۔