سشمیتا سین نے شادی کیوں نہیں کی؟

July 01, 2022

فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ اورسابقہ مِس یونیورس سشمیتا سین نے شادی نہ کرنے کے اپنے فیصلے اور اس کی وجہ کے بارے میں بتادیا۔

سشمیتا سین نے کہا کہ میں تین بار شادی کرنے کے قریب پہنچی، تینوں بار خدا نے مجھے بچایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سشمیتا سین نے ٹوئنکل کھنہ کے شو ’دی آئیکونز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’خوش قسمتی سے، میں اپنی زندگی میں کچھ بہت دلچسپ مردوں سے ملی، میں نے کبھی شادی نہیں کی اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ وہ مرد مایوس کُن تھے‘۔

سشمیتا سین نے کہا کہ ان کی شادی نہ کرنے کا تعلق ان کے بچوں سے نہیں ہے بلکہ بچوں نے ہمیشہ ان کی زندگی میں شامل ہونے والے ہر شخص کو قبول کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ ان کے بچوں نے کبھی کسی کے لیے بُرا نہیں مانا، انہوں نے سب کو یکساں محبت اور احترام دیا ہے اور یہ میرے لیے سب سے خوبصورت چیز ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2021ء کے آخر میں سشمیتا سین نے اپنے بوائے فرینڈ روحمان کے ساتھ تمام تعلقات ختم کر دیئے تھے اور یہاں تک کہ روحمان نے گھر بھی چھوڑ دیا تھا۔

سشمیتا سین اور روحمان شال نے سال 2018 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی اور انہوں نے گزشتہ سال ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے بریک اپ کا اعلان کیا تھا۔

اپنی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے سشمیتا سین نے لکھا تھا کہ یہ رشتہ بہت پہلے ختم ہو گیا تھا اور اب ہم صرف دوست ہیں۔