بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے مِس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے کے 28 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔
سشمیا سین،21 مئی 1994 کو وہ پہلی بھارتی خاتون بنیں جنہوں نے دنیا بھر کے 77 ممالک کی حسیناؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے مِس یونیورس کا تاج پہنا۔
اب گزشتہ روز سشمیتا سین نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ لال رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں۔
سشمیتا سین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’خوبصورت ایک احساس ہے، پہلی بار مِس یونیورس جیتنے والے بھارت کو، اس جیت کے 28 سال مبارک ہو۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’وقت گُزر جاتا ہے، خوبصورتی باقی رہتی ہے۔‘
واضح رہے کہ 1994میں مِس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجانے والی بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اس مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پوچھے گئے آخری سوال کو پوری طرح سے سمجھ نہیں سکی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مس یونیورس مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں اداکارہ سے پوچھا گیا تھا کہ ’آپ کے لیے عورت ہونے کا احساس کیا ہے؟‘ جس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ ’ایک عورت ہونا خدا کا تحفہ ہے جس کی ہم سب کو قدر کرنی چاہیے۔ بچے کی اصل ماں ہے جو عورت ہے۔ وہ ایک آدمی کو دکھاتی ہے کہ دیکھ بھال، اشتراک اور محبت کیا ہے۔ یہ ایک عورت ہونے کا احساس ہے۔‘