ایاز امیر پر حملہ، وزیر داخلہ نے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرادی

July 02, 2022

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے سینئر صحافی ایاز امیر پر لاہور میں حملے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں کو ”معلوم“ کرنے کے لئے پنجاب حکومت سے پورا تعاون کریںگے۔

وزیر داخلہ نے ایاز امیر سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ تنقید پر تشدد کا خود نشانہ بن چکے ہیں، ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، آئین میں ضمانت کردہ شہری حقوق اور اظہار کی آزادیوں کے حامی اور اُن پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایاز امیر قابل احترام شہری ہیں، ان کے ساتھ رونما ہونے والے واقعے پر دلی افسوس ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ایبٹ روڈ پر سینئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد نے تشدد کر کے ان کا موبائل فون اور پرس بھی چھین لیا تھا۔