لاہور: کامن ویلتھ گیمز کی تیاری، پاکستان مینز ہاکی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ شروع

July 03, 2022

فوٹو: فائل

کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا، 36 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا، کیمپ میں 31 کھلاڑیوں نے رپورٹ کردی۔

پاکستان ہاکی ٹیم نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کردیا، پہلا سیشن فزیکل ٹریننگ کے لیے مخصوص تھا جبکہ دوسرے سیشن میں ہاکی اسکلز پر کام کیا گیا۔

کیمپ کے لیے 36 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سے 31 نے کیمپ میں رپورٹ کیا۔

نوخیز ملک اور رانا سہیل بیرون ملک ہیں جبکہ حنان شاہد، عمر ستار اور شہریار دو روز میں کیمپ میں رپورٹ کردیں گے۔

کیمپ میں کھلاڑی 8 جولائی تک ٹریننگ کریں گے، عید کے بعد دوبارہ 12 جولائی کو رپورٹ کریں گے۔

ٹریننگ کیمپ 23 جولائی تک جاری رہے گا، اس کے بعد برمنگھم روانگی شیڈول ہے۔

کیمپ میں کوچ سمیر حسین اور اجمل خان کی نگرانی میں کھلاڑی ٹریننگ کر رہے ہیں جبکہ غیرملکی ٹرینر ڈینیئل بیری اور گول کیپنگ کوچ باب ویلڈوف بھی موجود ہیں۔

ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین تاحال پاکستان نہیں پہنچ سکے، پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) ویزا ایشو ایک دو روز میں حل ہونے کے لیے پُرامید ہے۔