سری لنکن وزیراعظم نے ملک کے دیوالیہ ہونے کا اعتراف کر لیا

July 05, 2022

کئی ماہ سے بد ترین معاشی بحران کا شکار سری لنکا نے دیوالیہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔

پارلیمنٹ سے خطاب میں سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کا کہنا تھا کہ سری لنکا دیوالیہ ہو گیا ہے، معاشی بحران اگلے سال کے آخر تک جاری رہنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس سال شدید کساد بازاری ہو جائے گی جبکہ خوراک، ایندھن اور دواؤں کی قلت برقرار رہے گی، ہم 2023 میں بھی مشکلات کا شکار رہیں گے۔

سری لنکن وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں بطور دیوالیہ ملک شریک ہیں، دیوالیہ پن کی وجہ سے آئی ایم ایف کو قرضوں کی پائیداری سے متعلق ہمیں ایک الگ منصوبہ دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اس منصوبے سے مطمئن ہوگا تو ہم اگست تک کسی معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں، آئی ایم ایف نے گزشتہ ہفتے سری لنکا سے معاہدے میں مزید کام ہونے کا کہا تھا۔