سجاد علی کا کونسا گانا ’مس مارول‘ سیریز کا حصہ بنا؟

July 06, 2022

بشکریہ انسٹاگرام

پاکستان کے متعدد فنکاروں کے بعد اب معروف گلوکار سجاد علی کا گانا ’بیبیا‘ بھی مارول اسٹوڈیو کی سیریز ’مس مارول‘ کا حصہ بن گیا ہے۔

مارول اسٹوڈیوز کے بینر تلے اورپاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے کی ڈائریکشن میں بننے والی اس سیریز میں ہر دلعزیز گلوکار سجاد علی کا گانا بھی شامل کیا گیا ہے۔

سجاد علی کا گانا ’بیبیا‘ سیریز کی چوتھی قسط میں 27 منٹ گزرنے پر آتا ہے، اس سین میں فلم کی ہیروئین کمالا خان اپنے کزن کے ساتھ ساحل پر موجود ہوتی ہے اور اُس کا کزن ہی یہ گانا گا کر سناتا ہے۔


سجاد علی کی جانب سے یہ سین اپنے فیس بُک اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔

سجاد علی کا اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں کہنا ہے کہ ’میرا گانا بیبیا مس مارول میں شامل کیا گیا، مارول اسٹوڈیو کی پوری ٹیم کو یہ زبردست سیریز پیش کرنے پر مبارک باد‘۔

واضح رہے کہ ’مس مارول‘ سیریز پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے اور مارول سنیمیٹک یونیورس کی پہلی مسلم سپر ہیرو سیریز ہے جس میں پاکستانی اور بھارتی فنکاروں سمیت دیگر ملکوں کے اداکار بھی شامل ہیں۔

یہ پراجیکٹ مختلف ثقافتوں کے لیے ایک خراجِ تحسین ہے اور اس میں برصغیر کے لاکھوں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنی پہچان پر خوشی اور فخر کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔