برطانوی وزیراعظم ڈٹ گئے، مستعفی ہونے سے انکار

July 07, 2022

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن ڈٹ گئے اور انہوں نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے کابینہ کے سینئر اراکین کے ساتھ ملاقات میں استعفے کے مشورہ کو رد کردیا اور ملک کو درپیش بڑے ایشوز کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بورس جانسن نے کابینہ کے سینئر اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت استعفیٰ ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ سے مستعفی ہونے والے وزرا کی جگہ نئی تعیناتیوں پر غور بھی شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب ہوم سیکریٹری پریتی پٹیل نے بھی وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات کی اور انہیں مستعفی ہونے کا مشورہ دیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پریتی پٹیل نے پارٹی میں ایک بڑی اکثریت کے خیالات وزیراعظم تک پہنچائے۔

رپورٹس کے مطابق پریتی پٹیل کا شمار بورس جانسن کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں بورس جانسن پر کابینہ اور حکومتی عہدیداروں کے عدم اعتماد کا سلسلہ جاری ہے، کابینہ میں نئے وزراء کی تعیناتیوں کے باوجود استعفوں کا سلسلہ بھی نہیںرک رہا۔

لندن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 وزرا، پرائیویٹ پارلیمانی سیکریٹریز اور دیگر عہدیدار حکومت سے علیحدہ ہوگئے۔