شہدائے اسلام آباد پولیس کی واجب الادا رقم ادا کرنے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ، رانا ثناء اللّٰہ

July 07, 2022

فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے شہداء اور دورانِ سروس وفات پانے والوں کی واجب الادا رقم ادا کرنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے شہداء اور دورانِ سروس وفات پانے والوں کے 1 ارب 22 کروڑ روپے واجب الادا تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان بس سروسز سے اسلام آباد کی شہری اور دیہی آبادی کو فائدہ ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے بہت متاثر ہوئی ہے، اس لیے شہباز شریف نے عام آدمی کی بہتری کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 15.5 کلو میٹر پر محیط گرین لائن میٹرو بس سروس کے روٹ پر 8 مسافر اسٹیشنز جبکہ 20 کلو میٹر بلیو لائن میٹرو بس سروس کے روٹ پر 13 مسافر اسٹیشنز ہیں۔