• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا افتتاح کردیا

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کا افتتاح کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 15.5 کلو میٹر پر محیط گرین لائن میٹرو بس سروس کے روٹ پر 8 مسافر اسٹیشنز جبکہ 20 کلو میٹر بلیو لائن میٹرو بس سروس کے روٹ پر 13 مسافر اسٹیشنز ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گرین اور بلیو لائن بس سروس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے اسلام آباد، راولپنڈی کے لوگ سفری سہولت سے فیضیاب ہونے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافے نے دنیا کو پریشان کررکھا ہے۔

گرین اور بلیو لائن میں عوام ایک ماہ مفت سفر کریں گے، شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا سلسلہ پچھلے چار سال سے جاری ہے، منصوبے کے تکمیل پر کام کرنے والوں کے مشکور ہیں، چار سال کی تاخیر کا قوم ہم سے جواب مانگتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے ماضی کی کوتاہیوں اور تاخیر کا ازالہ کریں، گرین اور بلیو لائن میں عوام ایک ماہ مفت سفر کریں گے، ملک میں شمسی توانائی کا جال بچھانا چاہتے ہیں، آج اجلاس میں شمسی توانائی کے حوالے سے فیصلے کریں گے۔

شمسی توانائی سے عوام کی مہنگی بجلی سے جان چھوٹ جائے گی، وزیرِ اعظم 

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ شمسی توانائی سے عوام کی مہنگی بجلی سے جان چھوٹ جائے گی، تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، جلد مہنگائی سے نجات ملے گی، آئندہ عوامی منصوبوں میں غیرمعیاری ٹینڈرنگ ہوئی تو خیر نہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا ہے کہ عوامی منصوبوں کی ایسے نگرانی کریں جیسے اپنے بچوں کی کرتے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت کو یقینی بنا رہے ہیں، ماضی کی تاخیر کے ازالے کے لیے تمام ادارے بھرپور کردار ادا کریں، ماضی کی حکومت نے انتہائی ناقص منصوبہ بندی کی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، معیشت کے لیے کوشاں ہیں، عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کی ترجیح ہے، ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مل کر کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید