وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی سرکاری خرچ پر بیرون ملک عید منانے کی درخواست مسترد

July 07, 2022

سرکاری خرچ پر کینیڈا اور امریکا میں عید منانے اور اسے 6 جامعات سے اشتراک کا نام دے کر آن لائن کام جاری رکھنے کے خواہشمند وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء کی بطور وائس چانسلر آن لائن کام کرنے کی درخواست وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے مسترد کردی ہے۔

جبکہ ان کی غیر حاضری میں سینئیر ڈین کلیہ فنون ڈاکٹر ضیا الدین کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کر کے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت تعلیم کے جوائنٹ سکریٹری محمد اختر اقبال نے اس حوالے سے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے پرو چانسلر ہونے کے ناطے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر نے وائس چانسلر کی طرف سے اپنے دورہ کینیڈا کے لیے کیے جانے والے طریقہ کار پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ اس طرح کے غیر مناسب عمل سے گریز کیا جائے اور مستقبل میں کیبنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ بیرون ملک دورے کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے، جس کی کاپی بذریعہ خط بھیجی جاری ہے، خط میں وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء کو 16 جولائی کو یونیورسٹی جوائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کینیڈین شہریت کے حامل وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء 20 روز کے سرکاری خرچ پر عید منانے کینیڈا چلے گئے تھے، جب کہ روانگی سے قبل سابقہ دور میں اشتہار اور بغیر کسی انٹرویو کے بھرتی شدہ خاتون ملازمہ کو مستقل بھی کر گئے تھے۔

حالانکہ یونیورسٹی میں 2 درجن سے زائد ملازمین مستقل ہونے کے انتظار میں بیٹھے ہیں، ان میں سے بعض تو ریٹائر ہونے کے قریب پہنچ گئے، مگر زائد عمر اور سفارش نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے اس دورے کے لیے کینیڈا اور امریکا کی 6 جامعات سے اشتراک کو بنیاد بنایا تھا اور باقاعدہ صدر مملکت سے این او سی کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دورے کے دوران آن لائن فرائض انجام دیں گے، یعنی ان کی جگہ قائم مقام وی سی کا تقرر نہ کیا جائے۔ تاہم ان کی درخواست مسترد کردی گئی اور ان کی چھٹی کا دورانیہ بھی مختصر کردیا گیا ہے۔