نیوزی لینڈ: متعدد اسکولوں کو بم دھماکے کی دھمکیاں، حکام نے سائبر حملہ قرار دے دیا

July 28, 2022

اسکول کے باہر پولیس اہلکار مستعد کھڑا ہے۔

نیوزی لینڈ کے متعدد اسکولوں کو آج بم دھماکے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ ایک بیرونی سائبر حملہ ہے۔

دھمکیاں ملنے والے کئی اسکولوں کو انخلا کے بعد بند کر دیا گیا، گزشتہ روز بھی چار اسکولوں کو جعلی کالز موصول ہوئی تھیں۔

نیوزی لینڈ میں پرنسپلز فیڈریشن کی صدر نے کہا کہ وزارت تعلیم سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ایک غیر ملکی سائبر حملہ ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فی الوقت کسی قسم کا خطرہ نہیں لیکن تقریباً 13 اسکولوں کو ملنے والی دھمکیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تاحال کسی اسکول سے دھماکا خیز مواد ملنے کی بھی اطلاعات نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ 2016 میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے اسکولوں کو بم دھماکے کی جعلی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

2018 میں اسرائیلی عدالت نے ایک شخص کو امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ناروے اور ڈنمارک میں 2 ہزار جعلی فون کالز کرنے پر 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔