سلمان خان کی فلم سے نکالے جانے پر شہناز گِل کا ردِ عمل سامنے آ گیا

August 10, 2022

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی معروف اداکارہ شہناز گِل کی جانب سے بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو، سلمان خان عرف سلو بھائی کی فلم سے نکالے جانے کی افواہوں پر ردِ عمل دیا گیا ہے۔

شہناز گِل کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ، انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی گئی ہے جس میں اُنہوں نے فلم یا سلمان خان کا نام لیے بغیر ہنستے ہوئے لکھا کہ ’اس قسم کی افواہیں روزانہ میرے ہنسنے کا سامان بنتی ہیں، میں انتظار کر رہی ہوں کہ لوگ جَلد یہ فلم دیکھیں اور اس فلم میں مجھے بھی‘۔

شہناز گِل سوشل میڈیا پر اپنی یہ اسٹوری شیئر کیے جانے سے قبل سلمان خان کو سوشل میڈیا پر فالو بھی نہیں کر رہی تھیں جبکہ اب وہ دوبارہ سے سلو بھائی کو فالو کرنے لگی ہیں۔

دوسری جانب اگر سلمان خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بات کی جائے تو سلمان خان شہناز گِل کو تاحال اَن فالو کیے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شہناز گِل کے سلمان خان کی فلم ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ سے آؤٹ ہونے سے متعلق افواہیں زیرِ گردش تھیں۔