بھارت، ماں بیٹے نے ایک ساتھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرلیا

August 10, 2022

تصویر بشکریہ اے این آئی

بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے بیٹے اور والدہ نے ایک ساتھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 42 سالہ ماں اور 24 سالہ بیٹے نے ایک ساتھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کر کے مثال قائم کر دی ہے۔

والدہ کے ہمراہ پی ایس سی کا امتحان پاس کرنے والے بیٹے، ویویک کا میڈیا کو بتانا ہے کہ میں اور میری والدہ ایک ساتھ کوچنگ سینٹر کلاسز کے لیے جاتے تھے، میری والدہ نے مجھے یہاں تک پہنچایا اور میرے والد نے ہمارے لیے تمام سہولیات کا بندوبست کیا، ہمیں اپنے اساتذہ سے بہت حوصلہ ملا۔

ویویک کا کہنا ہے کہ میں اور میری ماںنے ایک ساتھ پبلک سروس کمیشن کی تیاری کی مگر ہم دونوں میں سے کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ہم دونوں ایک ساتھ کوالیفائی بھی کر جائیں گے، ہم دونوں ماں بیٹا اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔

دوسری جانب 42 سالہ بندو (والدہ) کا کہنا ہے کہ جب اُن کا بیٹا 10 سال کا تھا تو بیٹے کو پڑھانے کے لیے وہ خود بھی کتابیں پڑھتیں تھی، اس دوران ہی اُن میں بھی امتحان دینے کا شوق پیدا ہوا، 9 برسوں بعد آج وہ اور اُن کا بیٹا سرکاری ملازمت کرنے کے لیے تیار ہیں۔