نیپرا نے ایک بار پھر اہل کراچی پر بجلی گرادی

August 10, 2022

نیشنل الیکٹراک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایک بار پھر کراچی کے صارفین پر بجلی گرادی۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق کراچی کے صارفین کےلیے فی یونٹ بجلی آئندہ 3 ماہ کے لیے مزید 57 پیسے مہنگی کردی گئی ہے۔

نیپرا نے بجلی یونٹ میں اضافے کے حوالے سے فیصلہ جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔

نیپرا فیصلے کے مطابق اگست ستمبر اور اکتوبر میں ہر ماہ 57، 57 پیسے فی یونٹ اضافہ وصول کیا جائے۔

فیصلے مطابق ماہانہ 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

نیپرا کی طرف سے جاری فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں بجلی کے یکساں ٹیرف کو برقرار رکھنے کے لئے کےالیکٹرک کے صارفین کے لئے 3 ماہ فی یونٹ بجلی 57پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔

نیپرا فیصلے کے مطابق کےالیکٹرک کے سوا ملک بھر کی 10 ڈسکوز کے صارفین سے یہ اضافہ پہلے ہی وصول کیا جا چکا ہے، اب کراچی کے صارفین سے جون جولائی اور اگست کی بجلی کھپت کی بنیاد پر 3 ماہ تک یہ اضافہ وصول کیا جائے گا۔