فوج کے خلاف بغاوت پر اکسانے کی اتنی بڑی سازش اس سے پہلے نہیں ہوئی، عطاء تارڑ

August 11, 2022

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ شہباز گل کا دوران تفتیش اعتراف کرنا ثبوت ہے کہ یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا، سازش کے تانے بانے بنی گالا سے ملتے ہیں، فوج کے خلاف بغاوت پر اکسانے کی اتنی بڑی سازش اس سے پہلے نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے شہباز گل کے بیان کی مذمت نہیں کی، عمران خان شہداء کی قربانیوں پر سیاست کرتے ہیں۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے این آر او کی بات کرتے ہیں، ان سے مانگ کون رہا ہے، عمران خان کی سیاست پر لعنت بھیجتے ہیں، عمران خان کے بچے اور فلیٹ باہر ہیں اور ہمیں امپورٹڈ حکومت کہتے ہیں، عمران خان ایسے بنتے ہیں جیسے ان کے بچے میانوالی میں پڑھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے کسی رہنما کے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، عمران خان نے فرح گوگی کو این آر او دیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز گل کی جیب سے گرین کارڈ نکلا ہے، وہ امریکا کے رہائشی ہیں، انہوں نے اپنا نام بھی پورا نہیں لکھا، شہباز گل نےکہا نجی چینل پر بیان پارٹی پالیسی سے ہٹ کر نہیں تھا، شہباز گل کا دوران تفتیش اعتراف کرنا ثبوت ہے یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا، سازش کے تانے بانے بنی گالا میں ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک دشمنوں کے بیانیے کو فروغ دیتے ہیں، تحریک انصاف فارن فنڈنگ کے پیسے پر چلنے والی پارٹی ہے، عالمی سازش اور اداروں کے خلاف بیانیے کو تقویت دینے کا منصوبہ بنایا گیا، شہباز گل کا بیان فارن فنڈڈ ایجنڈے کے تحت ہے، فارن فنڈنگ کا جواب نہیں تو نیا ایجنڈا شروع کردیا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ اقتدار سے دوری کے باعث عمران خان حواس باختہ ہوگئے ہیں، عمران خان نے شہباز گل کے بیان کی مذمت نہیں کی، سیالکوٹ کے عثمان ڈار نے کہا کہ الفاظ کا چناؤ ٹھیک نہیں تھا، تحریک انصاف اس وقت شہباز گل کے ساتھ کھڑی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے 25 مئی کے واقعے کے خلاف کارروائی کرنے سے متعلق رد عمل دیتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ میرا جہاں دل کرے گا پنجاب کے شہر میں جاؤں گا، پنجاب حکومت ہمارے خلاف کارروائی کرے گی تو سامنا کرنے کو تیار ہیں۔