ہائیکورٹ: پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کو خاوند کیساتھ جانیکی اجازت

August 12, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بینچ نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کی عمر کے تعین کی میڈیکل رپورٹ مسترد کر کے خاوند کے ساتھ جانے کی اجازت دینے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت میں کبیروالا کے اللہ دتہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے رخسانہ بی بی سے باہمی رضامندی سے اس کی والدہ کی موجودگی میں 2 ماہ قبل شادی کی لیکن سسر نے ناراض ہو کر اس کی بیوی کو زبردستی محبوس بنا لیا ہے اور اسے قتل کرنے کے درپے ہے۔ فاضل عدالت کے حکم پر پولیس تھانہ سرائے سدھو نے لڑکی کو برآمد کر کے پیش کیا اور دارلامان بھجواتے ہوئے میڈیکل رپورٹ طلب کی تھی۔ پولیس نے گزشتہ روز رپورٹ پیش کی کہ لڑکی کی عمر 14 سے 16 سال کے درمیان ہے۔ تاہم لڑکی کے وکیل اظہر حیدر بخاری نے دلائل دیئے کہ شناختی کارڈ جیسی دستاویز کی موجودگی میں طبی رپورٹ کی اہمیت نہیں ہے۔ جس پر عدالت نے اتفاق کرتے ہوئے میاں بیوی کو سیکورٹی بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔