پاکستانی کوہ پیماء سرباز علی نے کیرئیر کی بارہویں ’ایٹ تھاؤزنڈر‘ سر کرلی

August 12, 2022

سرباز علی خان تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستانی کوہ پیماء سرباز علی خان نے کیرئیر کی بارہویں ’ایٹ تھاؤزنڈر‘ سر کر لی ہے۔

سرباز علی نے آج صبح 8080 میٹر بلند چوٹی گیشربرم ون کو سر کیا جس کے بعد سرباز علی 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی کوہ پیماء بن گئے ہیں۔

32 سالہ کوہ پیماء سرباز نے اس سے قبل رواں سال کنچنجونگا اور مکالو کو سر کیا تھا۔

سرباز علی نے 2017ء میں نانگا پربت اور 2018ء میں کےٹو کی چوٹی سر کی تھی جبکہ 2019ء میں سرباز نے لوٹسے، براڈ پیک اور مناسلو کو سرکیا تھا۔

مایہ ناز کوہ پیماء سرباز علی نے گزشتہ سال اناپورنا، ایوریسٹ، گیشربرم ٹو اور داولاگیری سر کی۔

سرباز علی خان تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کے لیے پرعزم ہیں۔

سرباز علی کے ساتھ کوہ پیماء سہیل سخی نے بھی گیشربرم ون کی چوٹی کو سر کیا ہے۔