سیوریج لائن بیٹھ گئی، چونگی نمبر 9 پر ٹرک سڑک میں دھنس گیا

August 13, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیوریج لائن بیٹھ گئی، چونگی نمبر 9 پر بجری سے بھرا ٹرک سڑک میں دھنس گیا۔ واسا کا 1800کلو میٹر طویل سیوریج نیٹ ورک ہے ، جس میں سے 1200 کلو میٹر سے زائد سیوریج لائنیں بوسیدہ ہو چکی ہیں ایک ماہ کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر 70سے زائد کراؤن فیلیئرز کے واقعات رونما ہو چکے ہیں ، جس میں سے 20 سے زائد کراؤن فیلیئرز کا مرمتی کام التواء کا شکار ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، دوسری جانب چونگی نمبر 9 پر دوبارہ سے سیوریج لائن بیٹھ گئی ہے ، جس سے بجری سے بھرا ٹرک گڑھے میں دھنس گیا - ٹرک عملے اور شہریوں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ٹرک سے بجری اتارنے کے لئے امدادی کارروائیاں کیں - شہریوں نے کراؤن فیلیئرز کی روک تھام کے لئے بوسیدہ سیوریج لائنوں کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے - اس سلسلہ میں واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں سوا دو ارب روپے کی لاگت سے انتہائی بوسیدہ 145کلو میٹر سیوریج لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے ، فنڈز ملتے ہی دیگر بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا ، بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے بغیر کراؤن فیلیئرز کی روک تھام ممکن نہیں ہے۔