کراچی: مختلف علاقوں میں صبح بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش

August 13, 2022

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات کو شروع ہونے والی تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کے باعث کئی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔

رات کو ہونے والی بارش کے بعد کے ڈی اے چورنگی، بورڈ آفس، نمائش چورنگی، ناگن چورنگی، شارع نور جہاں، گودھرا روڈ، پاور ہاؤس، یوپی موڑ، نیو کراچی، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن کی متعدد سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔

بارش کے باعث کئی سڑکوں پر گاڑیاں بند ہونے کے باعث رات کو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشیں ہوئیں۔ قلعہ عبداللّٰہ میں پانی کے دباؤ سے تین ڈیم ٹوٹ گئے اور سیلابی ریلے مختلف علاقوں میں داخل ہوگئے جس کے باعث لوگ پھنس گئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پیر علی زئی گاؤں میں 25 بچوں کو سیلابی ریلے سے نکال لیا گیا جبکہ سیلاب سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔