مون سون کا نیا سسٹم سندھ میں انٹری کیلئے تیار

August 13, 2022

فائل فوٹو

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 14 اگست تک مون سون سسٹم کے زیر اثر سندھ میں بارشوں کا امکان رہے گا جبکہ نیا مون سون سسٹم 16 اگست سے سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود ڈپریشن کا پھیلاؤ زیادہ ہے جس کے باعث 14 اگست تک سندھ میں بارشوں کا امکان رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں دن کے اوقات میں کہیں، معتدل اور تیز موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ شہر میں رات کو بھی بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 15 اگست کو بارش کی شدت کم رہے گی تاہم 16اگست سے ایک اور مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ نئے سسٹم کی شدت بھی زیادہ ہے اور یہ تین سے چار روز تک اثر انداز رہے گا۔