بلاول بھٹو زرداری کی ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

August 14, 2022

بلاول بھٹو زرداری —فائل فوٹو

وزیرِ خارجہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی مذمت کی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ خارجہ نے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یک جہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے حملے میں زخمی ہونے والے میجر عمر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔

ہرنائی: سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 2 جوان شہید

واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا جس میں ہونے والی جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق جھڑپ کے دوران نائیک عاطف اور سپاہی قیوم شہید ہو گئے، جبکہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر عمر زخمی ہو گئے۔