صوبائی وزیر توانائی سے شنگھائی الیکٹرک کے افسران کی ملاقات

August 16, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیر صدارت شنگھائی الیکٹرک کمپنی کے افسران کا اجلاس ،وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ سے پیر کے روز محکمہ توانائی کے دفتر میں شنگھائی الیکٹرک کمپنی کے افسران نے ملاقات کی اس موقع پر تھر کول پراجیکٹ میں زیر زمین پانی کے استعمال اور نبی سر وجیہار پائپ لائن سے تھر کول پراجیکٹ کو پانی کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت تھر کول پاور پراجیکٹ سے ملک کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے منصوبوں پر بہت تیزی سے کام کررہی ہے اور تھر پاور پراجیکٹ میں کام کرنے والی کمپنیوں کو تمام ممکن سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک اور فعال قیادت میں سندھ حکومت کا وژن ہے کہ تھربدلے گا پاکستان،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تھر کے کوئلے کو ملکی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لئے کام میں لانے کے لئے کوشاں ہے۔