کراچی میں کل کا جلسہ تاریخی ہوگا: فواد چوہدری

August 18, 2022

—فائل فوٹو

رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کل کراچی تشریف لارہے ہیں، وہ پاکستان کی یکجہتی کی علامت ہیں، کراچی میں کل ہم جلسہ کرنے جا رہے ہیں جو تاریخی ہو گا۔

عمران اسماعیل و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کا دل تحریکِ انصاف کے ساتھ دھڑکتا ہے، کروڑوں لوگ ایک لیڈر کی آواز پر لبیک کہتے ہیں، وہ لیڈر عمران خان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد میں شہباز گِل کے کیس کی سماعت ہو گی، شہباز گِل استعارہ بن گئے ہیں، انہوں نے ظلم سہا ہے، انہیں قید و بند میں رکھا گیا، شہباز گِل نے ایسی کوئی بات نہیں کہی جو ن لیگ کے لیڈرز نے نہ کہی ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کل تو وزیرِ دفاع نے حد کر دی، انہوں نے پی ٹی آئی کو بھارت کے ساتھ پارٹنر شپ میں شامل کر دیا، خواجہ آصف جیسے دو نمبر وزیرِ دفاع ہمیں لیکچر دے رہے ہیں، یہ وہی خواجہ آصف ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ فوج نے ہماری بوٹیاں نوچ کر کھا لی ہیں، جیسے ہی وزارتِ اعلیٰ گئی حمزہ شہباز اپنے گھر لندن چلے گئے،یہ پاکستان پر حملہ کرتے ہیں، لوٹتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گِل کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ قابلِ مذمت ہے، ان پر ٹارچر کے خلاف عالمی ردِعمل آ رہا ہے، ان کے معاملے پر ہمیں شدید تشویش ہے، شہباز گِل کی جعلی رپورٹس بنائی جا رہی ہیں، ان کے لیے آزاد میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز گِل کو غیر قانونی طور پر جیل سے لے جایا گیا، انہیں دمے کی بیماری ہے، ان پر جس طرح کا تشدد کیا گیا اس کی مثال ملنا مشکل ہے، شہباز گِل نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو اس سے پہلے فضل الرحمٰن، خواجہ آصف، نواز شریف اور مریم نواز نے نہ کی ہو، ریاست کا ٹوکا صرف شہباز گِل پر گرا باقی یہ تمام لوگ سائیڈ پر کھڑے مسکرا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ملک میں وفاق کی نمائندگی عمران خان کرتے ہیں، رانا ثناء اللّٰہ اور دیگر نے پی ٹی آئی کو اینٹی فوج ثابت کرنے کی مہم چلائی، عوام کو فوج کے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، یہ ایک ایسی کوشش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔