نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات سے گڈ گورننس میں شفافیت آئے گی، بلاول بھٹو

August 18, 2022

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات سے گڈ گورننس میں شفافیت آئے گی۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو سے چیئرمین نادرا طارق ملک نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین نادرا نے ڈیجیٹل گورننس اقدامات پر بریفنگ دی اور بیرون ملک پاکستانیوں کو نادرا کی ڈیجیٹل آن لائن سہولیات سے آگاہ کیا۔

چیئرمین نادرا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نادرا کے ڈیجیٹل گورننس اقدامات سے گڈ گورننس میں شفافیت آئے گی۔ سمندر پار پاکستانی اب پاور آف اٹارنی آن لائن گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔

چیئرمین نادرا کے مطابق آزمائشی مرحلے میں امریکا اور برطانیہ میں موجود 10 مشنز میں جدید آن لائن نظام شروع کیا گیا ہے۔ آن لائن نظام کا دائرہ کار جلد پوری دنیا کے پاکستانی مشنز میں پھیلایا جائے گا۔

چیئرمین نادرا نے اس موقع پر چمن اور طورخم سرحد پر نادرا کے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم پر بھی وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔