ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کیلئے نیشنل پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

August 19, 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز) اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹس کی بحالی کیلئے کرکٹ فٹ بال ہاکی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں ، کوچز و آگنائزرز نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ سیالکوٹ ریجن کے صدر نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ عمران خان کا چیلہ جبکہ کرکٹ بورڈ کو پی ٹی آئی سیل بنا دیا گیا ہے رمیز راجہ نے گراس روٹ کرکٹ تباہ کر دی ہے۔ شہباز شریف عمران خان کے اس غیر قانونی اقدام کو فی الفور ختم کریں اور ڈیپارٹمنٹ بحال کریں ۔ ڈیپارٹمنٹس بند ہونے سے نئے کھلاڑیوں کا راستہ بھی بند ہو گیا ہے۔ پاکستان فٹ بال کے کپتان عیسی خان نے کہا کہ حکومت اسپورٹس کی تباہی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسپورٹس ریجن و ڈیپارٹمنٹس بحال نہیں کیے جاتے تو آئندہ کے سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔