بھارت، جعلی فنگرپرنٹ بنا کر شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے والے دو ملزمان گرفتار

September 01, 2022

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں پولیس نے فنگرپرنٹ سرجریوں کے ذریعے شہریوں کو کویت بھیجنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کم از کم 11 افراد کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے ان کی فنگرپرنٹ سرجریاں کیں۔

دو افراد جنہیں کویت سے بےدخل کر دیا گیا تھا انہوں نے فنگرپرنٹ سرجری کروائی اور دوبارہ خلیجی ملک میں داخل ہوئے، ان دونوں افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ملزمان ایک فنگرپرنٹ سرجری کی 25 ہزار روپے فیس لیتے تھے، پولیس نے سرجری میں استعمال ہونے والے طبی آلات اور دیگر شواہد بھی جمع کرلیے ہیں۔

پولیس نے حیدرآباد کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر چار افراد کو حراست میں لیا، یہ چاروں ملزمان مزید سرجریاں کرنے کے لیے ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے۔

فنگرپرنٹ کی تبدیلی سے کویت سے ڈی پورٹ ہونے والے افراد بھارت کے شناختی سسٹم آدھار میں اپنی نئی انٹری کروا کر کویت میں دوبارہ ویزا کے لیے درخواست دیتے تھے۔