کس کامیڈین نے عزیکہ ڈینیل کو روتے ہوئے شو چھوڑنے پر مجبور کیا؟

September 06, 2022

فائل فوٹو

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اُبھرتی اداکارہ و ماڈل عزیکہ ڈینیل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ نامناسب مذاق پر روتے ہوئے ایک شو چھوڑنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔

گزشتہ دنوں عزیکہ ڈینیل کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک نامناسب واقعے کا احوال شیئر کیا گیا۔

عزیکہ ڈینیل کا اپنے ٹوئٹ میں بتانا تھا کہ میں ایک کامیڈی شو میں بطور مہمان مدعو تھی، شو کی ریکارڈنگ کے دوران میں نے شو چھوڑ دیا کیوں کہ بعض کامیڈین مذاق اور تذلیل میں واضح فرق نہیں سمجھ پاتے۔

عزیکہ ڈینیل کا کہنا تھا کہ جب میں نے ناظرین سے بھرا ہوا سیٹ چھوڑا تو میری آنکھوں میں آنسو تھے۔

عزیکہ ڈینیل نے اپنی ٹوئٹ میں کامیڈی شو اور کامیڈینز کا نام لیے بغیر کہا کہ کامیڈی لوگوں کو ہنسانے کے لیے ہوتی ہے نہ کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے۔

گزشتہ شب عزیکہ ڈینیل نے ایک اور ٹوئٹ شیئر کیا۔

اس ٹوئٹ میں عزیکہ ڈینیل کو عدم برداشت کے سبب کامیڈی شوز میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا تھا جبکہ کچھ صارفین نے عزیکہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا تھا۔

عزیکہ نے اِن تبصروں کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ کسی کی مرحوم ماں کو اپنے نامناسب مذاق میں شامل کرنا ٹھیک نہیں۔